ہندوستان، کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پونے چار فیصد سے کم
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i377435-ہندوستان_کورونا_کے_زیر_علاج_مریضوں_کی_شرح_پونے_چار_فیصد_سے_کم
ہندوستانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پونے چار فیصد سے کم ہوگئی ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Dec ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پونے چار فیصد سے کم

ہندوستانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پونے چار فیصد سے کم ہوگئی ہے۔

ہندوستان کی وزارت صحت نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے انتس ہزار تین سو اٹھاون نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ستانوے لاکھ چھیانوے ہزار ہو گئی۔

اس دوران مزید چار سو چودہ افراد کورونا کی وجہ سے موت سے ہمکنار ہو گئے جس کے بعد اس موذی وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ بیالیس ہزار ایک سو چھیاسی ہوگئی ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے سینتس ہزار پانچ سو اٹھائیس مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد بانوے لاکھ نوے ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد تین لاکھ ترسٹھ ہزار ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح تین اعشاریہ سات ایک فیصد، اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار پانچ فیصد اور شفایابی کی شرح چورانوے اعشاریہ آٹھ چار فیصد ہے۔