ہندوستان، مزید اٹھارہ ہزار کورونا میں مبتلا، ڈھائی سو سے زائد کی موت
ہندوستان میں بھی کورونا سے متاثرین اور اموات میں کمی اور شفایابی کی شرح میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اٹھارہ ہزار اٹھاسی نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا اور اس موذی وبا سے دو سو چونسٹھ افراد لقمہ اجل بنے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ چوہتر ہزار اور اموات کی تعداد ایک لاکھ پچاس ہزار ایک سو چودہ ہو چکی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اکیس ہزار تین سو چودہ کورونا کے مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ننانوے لاکھ ستانوے ہزار اور شفایابی کی شرح بڑھ کے چھیانوے اعشاریہ تین چھے فیصد ہوگئی ہے۔
برطانیہ سے ہندوستان پہنچنے والے کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھ کے اکہتر ہوگئی ہے۔