ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات میں مسلسل کمی
ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے جبکہ اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کو جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے چودہ ہزار پانچ سو پینتالیس نئے معاملات درج کئے گئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ چھ لاکھ پچیس ہزار ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ گیارہ دنوں سے یومیہ معاملوں کی تعداد پندرہ سے سولہ ہزار کے قریب ہے۔
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اٹھارہ ہزار دو مریض صحتیاب ہوئے جس سے شفا پانے والوں کی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ تراسی ہزار سات سو آٹھ ہو گئی ہے ۔ اسی دوران پورے ملک میں ایک سو ترسٹھ مریضوں کی موت ہوئی جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ ترپن ہزار بتیس ہوگئی۔
ہندوستان کے سرکاری ذرائع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیرہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔