سرحد سے جلد فوجی پیچھے ہٹائے چین، ہندوستان کا مطالبہ
ہندوستان کی حکومت نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرحد سے فوری طور پر اپنے فوجیوں کو ہٹائے۔
ہمارے چینی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے فوجی کمانڈر نے چین کے فوجی کمانڈر سے ہونے والی ملاقات میں بیجنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گوگرا، ہاٹ اسپرینگز اور دمچوک سے اپنے فوجیوں کو ہٹانے کا عمل تیز کرے۔
انھوں نے یہ بھی صلاح دی کہ چینی فوجی اہلکار، مشرقی لداخ کے صحرائی علاقے میں ہندوستانی فوجیوں کو گشت لگانے سے نہ روکیں۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور چین کے درمیان گذشتہ سال جون کے مہینے میں لداخ کے علاقے میں کشیدگی بڑھنا شروع ہوئی تھی اورپھر دونوں ملکوں کے فوجی اہلکاروں میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں دسیوں فوجی ہلاک و زخمی بھی ہوگئے تھے جس کے بعد دونوں ہی ملکوں نے سرحدی علاقے میں اپنی فوجی پوزیشنوں کو مضبوط و مستحکم کرنا شروع کر دیا۔
دو ہزار تین سے اب تک سرحدی اختلافات کے سلسلے میں ہندوستان اور چین کے درمیان بیس سے زائد بار مذاکرات ہو چکے ہیں تاہم اب تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔