ہندوستان و افغانستان کے درمیان سمجھوتہ
ہندوستانی کابینہ نے سرکاری ملازمتوں میں بھرتی سے متعلق افغانستان کے ساتھ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہندوستان کی مرکزی کابینہ نے منگل کو سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے شعبے میں تجربہ اور مہارت شیئر کرنے کے لئے افغانستان کے ساتھ معاہدے کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق کابینہ نے یونین پبلک سروس کمیشن آف انڈیا اور افغانستان کے آزاد انتظامی اصلاحات اور سول سروس کمیشن کے مابین معاہدے کی منظوری دے دی۔
معاہدے کے تحت ہندوستان کے یونین پبلک سروس کمیشن اور افغانستان کے آزاد انتظامی اصلاحات اور سول سروس کمیشن ، سرکاری ملازمتوں میں امیدواروں کے انتخاب اور سیلیکشن میں ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تجربات اور مہارت شیئر کریں گے۔
معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان رہنما کتابوں، پبلک سروس کے تحریری امتحانات کی تیاری، آن لائن امتحانات کے انعقاد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی مہارت اور دیگر دستاویزات شیئر کی جائیں گی لیکن خفیہ دستاویزات، اس معاہدے کے دائرے سے باہر رہیں گی۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک سرکاری افسروں کے لئے ٹریننگ سیشن بھی منعقد کریں گے۔