ہندوستان: آسام میں کشتی حادثہ، بہت سے افراد کے ڈوبنے کا خدشہ
Sep ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۵ Asia/Tehran
ہندوستان کی ریاست آسام میں کشتی پلٹنے کے حادثے میں بہت سے افراد کے ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں آج (جمعرات کو) کشتی پلٹنے کا ایک افسوسناک حادثہ رونما ہوا ہے جس میں آخری اطلاعات ملنے تک ایک سرکل افسر رنجو داس اور بعض طلبا سمیت 15 افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آسام کے دھبری ضلع کی برہم پترندی میں ایک کشتی پلٹ گئی جس پر 60-70 افراد سوار تھے جبکہ “آسام ٹریبیون” کی ویب سائٹ کے مطابق کشتی پر دس موٹر سائیکلوں کے ساتھ تقریباً 100 افراد سوار تھے۔
رپورٹ کے مطابق 15 افراد کو امدادی کارکنوں نے بچالیا اور کچھ افراد تیر کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔