نتیش یادو کی آئین کے تحفظ کے لیے متحد ہونے کی اپیل
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i421847-نتیش_یادو_کی_آئین_کے_تحفظ_کے_لیے_متحد_ہونے_کی_اپیل
ہندوستان کی ریاست بہار کے وزیر اعلا نتیش یادو نے سبھی سیاسی رہنماؤں سے آئین کے تحفظ کے لئے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔
(last modified 2026-01-12T10:15:43+00:00 )
May ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • نتیش یادو کی آئین کے تحفظ کے لیے متحد ہونے کی اپیل

ہندوستان کی ریاست بہار کے وزیر اعلا نتیش یادو نے سبھی سیاسی رہنماؤں سے آئین کے تحفظ کے لئے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان:جنتادل یونائیٹڈ کے لیڈر اور ریاست بہار کے وزیر اعلا نیتش یادو ملک کے آئندہ عام انتخابات کے تعلق سے حکمراں اتحاد کے مقابلے میں حزب اختلاف کی سبھی جماعتوں کو متحدکرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسی کوشش کے تحت انھوں نے اتوار کو نائب وزیر اعلا تیجسوی یادو کے ہمراہ دہلی کے وزیر اعلا اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال سے ملاقات کی ۔

اس ملاقات کے بعد انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں سبھی اپوزیشن پارٹیوں سے آئین کے تحفظ کے لئےمتحد ہو جانے کی اپیل کی ۔

انھوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے اختیار سے متعلق سپریم کورٹ کےحالیہ فیصلے کے مقابلے میں مرکزی حکومت کے آرڈینینس کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب کو متحد ہو کر ان لوگوں کو روکنے کی ضرورت ہے جو آئین سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔

دہلی کے وزیر اعلا اروند کیجریوال نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مرکزی حکومت نے آرڈینینس جاری کر کے فیصلے کو پلٹ دیا جو آئین کے خلاف ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر سبھی اپوزیشن پارٹیاں متحد ہو جائیں تو اس آرڈینینس کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں پاس ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستانی سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ایک اہم فیصلے میں دہلی کے ریاستی افسران کی تقرری اور تبادلے کا اختیار دہلی حکومت کو دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ یہ اختیار دہلی کی منتخب حکومت کے پاس ہونا چاہئے جو ریاست کے عوام کے سامنے جواب دہ ہے۔

مرکزی حکومت نے ایک آرڈینینس جاری کر کے اس فیصلےکو پلٹ دینے کی کوشش کی ہے۔