یوم اسلامی انسانی حقوق کی مناسبت سے انسانی حقوق کمیشن کا بیان
Aug ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
ایران کے اسلامی انسانی حقوق کمیشن نے یوم انسانی حقوق اور کرامت انسانی کی مناسبت سے ایک بیان جاری کیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے اسلامی انسانی حقوق کمیشن نے کہا ہے کہ پانچ اگست انیس سو نوے کو اسلامی تعاون تنظیم میں اسلامی انسانی حقوق کے اعلامیے کی منظوری، اسلامی انسانی حقوق کے سلسلے میں اسلامی حکومتوں کی ایک عشرے سے زیادہ عرصے کی کارکردگی کی یاد دلاتی ہے جس میں انھوں نے دنیا کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ اسلامی طرز تفکر میں انسان کو کس نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور انسان کے بنیادی حقوق کیا ہیں؟- بیان میں آیا ہے کہ اسلامی انسانی حقوق کے اعلامیے کی منظوری کی سالگرہ کا عالم اسلام کے لئے دوسرا اہم پیغام یہ ہے کہ اسلامی حکومتوں کو انسانی حقوق کے عالمی معیارات اور اصول و قوانین کی تدوین کے بین الاقوامی عمل اور اس کی پابندی کے سلسلے میں، کی جانے والی نگرانی پر سخت تشویش ہے اور اسلامی حکومتوں کا خیال ہے کہ ان کی ثقافت پر لازمی توجہ نہیں دی گئی ہے یا ان کے عقائد پر بے جا حملے کئے گئے ہیں یا بعض مسلمانوں کے حق میں بے پناہ مظالم روا رکھے گئے ہیں- اس بیان میں آیا ہے کہ یوم اسلامی انسانی حقوق و کرامت انسانی، اس بات کے لئے مناسب موقع ہے کہ اسلامی حکومتیں اور مسلمان مفکرین، عصر حاضر کی ضرورتوں اور انسانی معاشرے کی آئندہ نسلوں کے حقوق کو درک کرتے ہوئے پوری ہمدردی اور خلوص سے فکر و عمل کے میدان میں کرامت انسانی کی حفاظت اور عالمی معاشرے کی صورت حال کی بہتری کے لئے مناسب طریقہ کار پیش کریں اور عملی لحاظ سے بھی ایسا رویہ اختیار کریں کہ اسلامی ممالک کے شہری اپنے حکمرانوں پر فخر کریں اور اپنے حکام کے ساتھ مل کر معاشروں میں ہمہ گیر ترقی و پیشرفت کی کوشش کریں -