Aug ۰۹, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
  • ایرانی قوم اپنے اہداف کو فراموش نہیں کرتی: جنرل سلامی

اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے کہا ہے کہ ایرانی قوم دشمنوں کی یکطرفہ پابندیوں کی بنا پر اپنے اہداف کو فراموش نہیں کرتی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے اتوار کے دن تہران میں سپاہ پاسداران کے کمانڈروں کے اجلاس میں کہا کہ آج سامراج اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ پابندیوں کی پالیسی کے ذریعے ایرانی قوم کو اس کے راستے سے ہٹایا نہیں جا سکتا ہے اور نہ ہی اس کے فیصلے پر اثر انداز ہوا جا سکتا ہے۔ بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بڑی طاقتوں کے ذریعے ممالک کا انتظام چلانے پر مبنی پرانے نظام کا خاتمہ کر دیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد دنیا میں ایک نئی طاقت اور تمدن جلوہ گر ہوا۔ انھوں نے ایران کو اسلامی نظام کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے دنیا کو اس سے روشناس کرائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔