اسلامی انقلاب نے دین کا پرچم دنیا میں لہرایا: صدر مملکت
Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے دین کا پرچم پوری دنیا میں لہرا گیا-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کی صبح تہران میں عالمی اہل بیت (ع) کونسل کی چھٹی کانفرنس کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب سے اسلامی معاشرے میں نئی جان پڑ گئی- انہوں نے کہا کہ سوویت یونین کی سرخ فوج کے مقابل افغانستان کی کامیابی، پورے مشرق وسطی میں اسلامی فکر و سوچ کا احیا، وسطی ایشیا کی مساجد سے اذان کی آوازیں، صیہونی حکومت کے مقابل لبنانی عوام کی استقامت، ترکی اور شمالی افریقہ میں اسلامی تحریک اور آخرکار پورے عالم اسلام میں اسلامی مزاحمتی تحریک، یہ ایک لہر تھی جو حضرت امام خمینی (رح) کی قیادت میں اسلامی انقلاب کی کامیابی سے شروع ہوئی اور اب بھی جاری ہے- ان کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلابی تحریک نے دنیا والوں کو بتایا کہ اسلام نہ افراط ہے نہ تفریط بلکہ اسلام ایمان اور اخلاق ہے اس لئے یہ جغرافیائی سرحدوں کو قبول نہیں کرتا اور پوری دنیا میں اس کے ماننے والے ہو سکتے ہیں- صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلام جنگ اور خونریزی کا دین نہیں ہے بلکہ اعتماد و ایمان کا دین ہے، کہا کہ اسلام کی آواز بندوق کی گولی سے دنیا والوں تک نہیں پہنچی بلکہ ، مساجد، میناروں، حجروں، مدارس اور روحانی اجتماعات سے لوگوں کے دلوں تک پہنچی- ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ حضرت امام خمینی(رح) نے لوگوں کو بتایا کہ کس طرح شیعوں اور سنیوں کو ایک ساتھ رہنا چاہئے اور رہبر انقلاب اسلامی نے بھی لوگوں کو ایک ساتھ رہنا اور کامیاب ہونا سکھایا- واضح رہے کہ عالمی اہل بیت (ع) کونسل کی چھٹی کانفرنس اسلام کے اہداف و مقاصد کو آگے بڑھانے میں شراکت و تعاون کے نعرے کے ساتھ آج سے تہران میں شروع ہوئی ہے-