ہنر استقامت، رہبر انقلاب اسلامی کے افکار و نظریات کا نتیجہ
Aug ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۵ Asia/Tehran
سپاہ پاسداران کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ فکر و ہنر استقامت، رہبر انقلاب اسلامی کے گرانقدر افکار و نظریات کا نتیجہ ہے۔
سپاہ پاسداران کے نائب سربراہ جنرل حسین سلامی نے منگل کو رہبر احیا گر نامی کتاب کی رسم اجرا میں کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید خامنہ ای، دنیا کے مسلمانوں کے تشخص کو احیاء کرنے والے ہیں۔ یہ کتاب حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے لکھی ہے۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اس وقت اسلامی انقلاب رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت میں تسلط پسندی کے خلاف ڈٹا ہوا ہے اور اس نے علاقے میں استقامتی حلقے کے لئے نیا میدان ہموار کیا ہے۔ انہوں نے علاقے کے حالات اور دو ہزار چھے میں تینتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ کی اسٹریٹیجی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ نے یہ ثابت کر دیا کہ استقامت کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر صیہونیوں کے خلاف جنگ، جیتی جا سکتی ہے۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ نیو ورلڈ آرڈر میں مسلمانوں کی لوٹی ہوئی دولت کے سہارے ہی ان کی تحقیر، کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی سطح پر اسلامی بیداری کا مستقبل درخشاں دکھائی دے رہا ہے اور اس کے نتیجے میں امریکہ کی کامیابیوں کے امکانات کم ہو گئے ہیں اور دنیا میں کہیں بھی کوئی مسلمان امریکہ کو تسلیم کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے اپنی کتاب الولی المجدد یعنی رہبر احیا گر میں رہبر انقلاب اسلامی کے افکار و نظریات کا جائزہ لیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس کتاب کی رسم اجرا کا پروگرام تہران میں ہوا۔