امریکہ کا نیا روڈ میپ اسلامی ممالک میں تشدد کی ترویج
Aug ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۲:۴۹ Asia/Tehran
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک اسٹڈیز سینٹر کے سربراہ نے امریکہ کے نئے روڈ میپ کو اسلامی ممالک میں تشدد کو ہوا دیئے جانے کا باعث قرار دیا ہے-
ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک اسٹڈیز سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے بدھ کے روز تہران میں افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی کے مشیر محمد محقق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک میں امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کا نیا روڈ میپ، تشدد اور انتہا پسندی کی ترویج کے مترادف ہے- علی اکبر ولایتی نے مزید کہا کہ مغربی ممالک یہ کام اس مقصد سے کر رہے ہیں کہ اسلام کی شبیہ بگاڑ کر پیش کریں اور دین اسلام اور شیعہ و سنی مسلمانوں کو تشدد پسند ظاہر کریں- تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک اسٹڈیز سینٹر کے سربراہ نے داعش دہشت گرد گروہ کے ہاتھوں بے گناہ عوام کے قتل عام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی درندگی کی، دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی- ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے دہشت گردی کے خلاف مہم پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک میں اس ملک کے حالات کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جد و جہد کئے جانے کی ضرورت ہے اور افغانستان کے حالات، یمن اور شام سے بہت مختلف ہیں- انھوں نے ایران اور افغانستان کے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اچھی ہمسائیگی پر استوار ہیں اور دونوں ملکوں کا مستقبل کافی حد تک ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور ایران اور افغانستان میں جو بھی واقعہ رونما ہوتا ہے اس کا ایک دوسرے پر اثر پڑتا ہے- ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے دونوں ملکوں کے مشترکات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تعاون کی زمین ہموار ہے اور اس میں استحکام پیدا کئے جانے کی ضرورت ہے-