برطانوی وزیر خارجہ کے بیان پر ایران کا سخت ردعمل
Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
-
وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے برطانوی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کو، ایران اور اس کے پڑوسی ملکوں کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کا باعث قرار دیا ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے جمعے کو کہا کہ لندن میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے ساتھ پریس کانفرنس میں برطانوی وزیر خارجہ فلیپ ہامونڈ کے بیانات غیر تعمیری تھے - انہوں نے کہا کہ اپنے پڑوسی ملکوں کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی، اجتماعی مفادات کی تکمیل اور دینی و مذہبی مشترکات پر تاکید کے ساتھ، پرامن بقائے باہمی اور پائیدار دوستی پر استوار ہے-
مرضیہ افخم نے کہا کہ علاقے کے باہر کے ملکوں کے لئے بہتر یہی ہوگا کہ وہ ایسے غیر ذمہ دارانہ اور متنازعہ بیانات دے کر اختلافات پیدا نہ کریں - ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اور برطانیہ کے درمیان سفارتخانے کھولے جانے کا مقصد ہر گز یہ نہیں ہے کہ برطانیہ کی علاقائی پالیسیوں کے سلسلے میں ایران کے ساتھ پائے جانے والے نظریاتی اختلافات کی مخالفت نہ کی جائے اور اپنے موقف کو بیان نہ کیا جائے-
واضح رہے کہ برطانوی وزیر خارجہ نے جمعرات کو لندن میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ تہران میں برطانوی سفارتخانہ کھولے جانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ایران کے خلاف برطانیہ کے دباؤ میں کمی آجائے گی-az28082015