مکہ مکرمہ کے حادثے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کا پیغام
Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۱:۱۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مکہ مکرمہ میں رونما ہونے والے حادثے کا شکار ہونے والوں کے علاج معالجے میں مدد کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی آمادگی کا اعلان کیا ہے-
موصولہ رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سنیچر کو ایک پیغام میں مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کو پیش آنے والے دلخراش حادثے کو امت مسلمہ کے لئے رنج و الم کا باعث قرار دیا اور زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے ایران کی آمادگی پر تاکید کی- جمعے کو مسجدالحرام میں ایک کرین گرنے کے واقعے میں کم سے کم ایک سو سات حجاج کرام جاں بحق اور دو سو اڑتیس زخمی ہو گئے- اس حادثے میں ایک ایرانی حاجی جاں بحق اور پچیس دیگر زخمی ہوئے ہیں- اس وقت دنیا کے مختلف ممالک کے مسلمان فریضہ حج ادا کر نے کے لئے سعودی عرب میں اکٹھا ہوئے ہیں اور خود کو مناسک حج انجام دینے کے لئے تیار کر رہے ہیں کہ جن میں تقریبا دو ہفتے کا عرصہ باقی بچا ہے-