اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی روسی صدر سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے روس میں منعقدہ سوچی اجلاس کے اختتام پر صدر پوتن سے ملاقات اور گفتگو کی
ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے روسی صدر سے ملاقات میں ایران کے ایٹمی معاملے کے حل میں صدر ولادی میر پوتن کے تعمیری کردارکو سراہا اور کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کی تجویز آپ کی جانب سے سامنے آئی تھی۔
ڈاکٹر لاریجانی نے مشکل حالات میں روس کی جانب سے ایران کی مدد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران، کسی کی مدد کو بھولتا نہیں اور نئے حالات میں تہران ماسکو دوستی میں مزید فروغ آئے گا- اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ ہم علاقے میں روس کے کردار اور امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کو مفید اور موثر سمجھتے ہیں اور یقینا نئے حالات میں روس کے ساتھ مل کر مزید کام کیا جائے گا-
اس ملاقات میں روسی صدر نے ڈاکٹر لاریجانی سے درخواست کی کہ وہ رہبر انقلاب اسلامی اور صدرمملکت کو ان کا پرخلوص سلام پیش کریں- ولادیمیر پوتن نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران کا ایٹمی معاملہ منطق اور مذاکرات کے ذریعے ختم ہوا ہے کہا کہ نیویارک میں جناب روحانی سے میری ملاقات اور گفتگو نہایت تعمیری تھی اور اس وقت تہران ماسکو تعلقات میں فروغ آ رہا ہے-
روسی صدر نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ شام کے بحران کے حل کی کوششوں میں ایران کے شامل ہوئے بغیر کامیابی نہیں ملے گی- صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ چند روز قبل ماسکو میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات میں علاقے میں دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے بارے میں گفتگو ہوئی اور چار ممالک(روس، ایران، عراق،شام) کی وزارت خارجہ کے حکام کی ملاقات میں اس کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا-