رہبر انقلاب اسلامی کا خط دہشتگردی سے مقابلے کا حقیقی نظریہ ہے
-
رہبر انقلاب اسلامی کا خط دہشتگردی سے مقابلے کا حقیقی نظریہ ہے ۔
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور دائمی نمائندے نے کہا ہے کہ مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کا خط دہشتگردی کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا سرکاری موقف ہے۔
غلام علی خوشرو نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی نشست میں مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کے خط کے بعض حصے پڑھ کر سنائے اور ذہنیت تبدیل کرنے کی ضرورت کی جانب آپ کے اشارے کے بارے میں کہا کہ اس خط کا مقصد دہشتگردی کےمقابلے کے بارے میں عالم اسلام کی رائے سے جوانوں کو آگاہ کرنا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی یہ نشست امن عالم کے سلسلے میں گفتگو کی غرض سے ثقافت امن کے زیر عنوان منعقد ہوئی تھی۔ غلام علی خوشرو نے آج کی دنیا کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امن کی ثقافت رائج کرنا ہی غربت، تعصب، بے انصافی اور دوسرے کی سرزمین پر قبضہ کا خاتمہ کرنے کی واحد راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس راستے پر ایک دوسرے کے احترام، تعمیری تعاون اور ثقافتوں کے درمیان گفتگو سے ہی گامزن ہوا جاسکتا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے انتیس نومبر کو مغربی جوانوں کے نام خط لکھا تھا۔آپ نے تحریر فرمایا ہے کہ یہ خط لکھنے کی وجہ اندھی دہشتگردی کے ہاتھوں تیرہ نومبر کو فرانس کے تلخ واقعات ہیں۔ مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کا یہ دوسرا خط ہے۔ آپ نے گذشتہ جنوری کو بھی یورپ اور شمالی امریکہ کے جوانوں کے نام خط تحریر فرمایا تھا۔