اسلامی انقلاب عالمی سامراج کے مقابلے میں استقامت کا مرکز
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے اسلامی انقلاب کو عالمی سامراج کے مقابلے میں استقامت کا مرکز قرار دیا۔
سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل جعفری نے ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان کی سپاہ کے کمانڈروں سے خطاب کے دوران کہا کہ آج عالمی سامراج کے مقابلے میں استقامت کا مرکز اسلامی جمہوریہ ایران اور اسلامی انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے اہداف کو اس کی گہرائی کے ساتھ آگے بڑھانے کی مزید کوشش ہونی چاہئے۔ جنرل جعفری نے کہا کہ عالمی سامراج نے مشرق وسطی میں داعش جیسا دہشت گرد گروہ تشکیل دیا ہے لیکن علاقے میں استقامتی محاذ کے حق میں بہت بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سپاہ پاسداران کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے بھی تبریز میں گیارہ فروری کی ریلیوں میں شرکت کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس میں سپاہ پاسداران کے جوانوں کے ہاتھوں امریکی میرین فوجیوں کی گرفتاری کا واقعہ ایران کی میز پر موجود آپشن کا ایک بہت ہی معمولی نمونہ تھا۔ انہوں نے اسلامی انقلاب کے ثمرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب نے ایران کو طاقت اور آزادی و خود مختاری عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلا ب کی بدولت معاشرے پر الہی اقدار حکمفرما ہوئیں۔