عوامی اعتماد ، اسلامی جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے: صدر مملکت
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i215068-عوامی_اعتماد_اسلامی_جمہوری_نظام_کا_مضبوط_ترین_ستون_ہے_صدر_مملکت
اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر نے عوامی اعتماد کو، اسلامی جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • عوامی اعتماد ، اسلامی جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے: صدر مملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر نے عوامی اعتماد کو، اسلامی جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون قرار دیا ہے۔

اتوار کی شام تہران میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے چھبیس فروری کے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کو رہبر انقلاب اسلامی اور اسلامی نظام پر عوام کے اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ صدر نے کہا کہ ایرانی عوام نے انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر ایک بار پھر اسلامی نظام اور رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور دنیا والوں کو حیران کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان اورپارلیمنٹ یا مجلس شورائے اسلامی کے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت نے، اسلامی نظام کی بنیادوں کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنادیا ہے۔

صدر ایران نے انتخابات کے پرامن ماحول میں انجام پانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سیاسی اور سیکورٹی اداروں کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں انتخابی عمل پوری طرح شفاف اور پرامن ماحول میں انجام پایا۔

صدر مملکت نے ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ، ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے سے قبل یہ دعوی کیا جاتا تھا کہ ایران عالمی امن کے لیے خطرہ ہے لیکن آج ایران عالمی برادری کا ایک اہم ملک بن گیا ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی معاہدے کے نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں پیدوار اور برآمدات پر آنے والے زرمبادلہ کے اخراجات میں دس فی صد جبکہ سمندری نقل و حمل کے اخراجات میں پچیس فی صد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ایران میں چار ارب سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی منظوری ہوچکی ہے اور پیٹرول کی برآمدات کے حوالے سے ایران عالمی منڈی میں اپنی پہلے والی پوزیشن پر واپس آگیا ہے۔

انہوں نے اس بات کا شکوہ کیا کہ بعض معاملات میں امریکہ نے لازمی اقدامات انجام نہیں دیئے ہیں تاہم اس کے یہ معنی نہیں ہیں کہ ایران کے خلاف پابندیاں ختم نہیں ہوئی ہیں۔ صدر نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد ہم ایٹمی مواد کی تجارت میں شامل ہوگئے ہیں، دنیا کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صدر حسن روحانی نے کہا کہ یمن کے عوام کے لیے ایران کی انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے یمن کے بے گناہ عوام کے خلاف جاری جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سعودی حکومت، بڑی بے رحمی کے ساتھ یمن پر بمباری کر رہی ہے اور عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ عراق، شام اور لبنان کے عوام اور حکومتوں کے ساتھ تعاون کے بارے میں ایران کا موقف پوری طرح سے واضح ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ شام ، عراق اور خطے کے تمام ممالک کی ارضی سالمیت پر تہران نے ہمیشہ زور دیا ہے اور ہم کسی بھی ملک کی تقسیم کے مخالف ہیں۔

صدر حسن روحانی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ شام میں جنگ بندی اور اس ملک کے عوام کو پرسکون زندگی گزارنے کا حق ملنا چاہیے اور اس کے لیے دہشت گردوں کو اس ملک سے باہر نکالنا ضروری ہے۔