تھران میں ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i221704-تھران_میں_ایران_اور_ہندوستان_کے_وزرائے_خارجہ_کے_مذاکرات
ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ نے باہمی روابط میں توسیع اور علاقائی نیز بین الاقوامی مسائل میں تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • تھران میں ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات

ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ نے باہمی روابط میں توسیع اور علاقائی نیز بین الاقوامی مسائل میں تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کو ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سورا ج سے ملاقات میں تہران اور نئی دہلی کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی تعاون میں فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان اس تعاون سے علاقے میں امن و سلامتی کے استحکام میں مدد ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ توانائی، تجارت، بینکاری اور چابہار بندرگاہ کی توسیع کے پروجکٹ میں مشترکہ سرمایہ کاری میں ایران اور ہندوستان کا تعاون قابل تعریف ہے۔ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ چابہار پروجکٹ سے ، وسطی ایشیا، سابق سویت یونین کی ریاستوں کی دولت مشترکہ کے علاقے سے چین تک ٹرانزٹ، مواصلاتی شاہراہ اور ریلوے لائن کے پروجکٹوں میں مدد ملے گی ۔

ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ان کا ملک سیکورٹی، دفاعی، سیاسی ، اقتصادی، اور ثقافتی میدانوں نیز سائنس و ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔

ہندوستان کی وزیر خارجہ نے ایران اور ہندوستان کے اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایران کی اقتصادی اور صنعتی کمپنیوں کے مالکین اور نمائندوں نیز ایرانی سیاحوں کے لئے ویزے میں نرمی کے بارے میں بھی صلاح و مشورے کے لئے تیار ہے۔

ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہندوستان کے پیٹرولیئم کے وزیر کے دورہ ایران کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دو طرفہ معاملات کو حل کرنے اور توانائی ، گیس اور پیٹروکیمیکل کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کی گنجائشوں کو سمجھنے میں کافی مدد ملی ہے۔