دہشت گردی دنیا کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے: صدر روحانی
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i223816-دہشت_گردی_دنیا_کے_لئے_ایک_بڑا_چیلنج_ہے_صدر_روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گردی کو دنیا کے لئے ایک بڑا چیلنج قراردیا ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردی دنیا کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گردی کو دنیا کے لئے ایک بڑا چیلنج قراردیا ہے-

صدرمملکت ڈاکٹرحسن روحانی نے تہران میں بیلجیئم کی سینیٹ کی چیئرپرسن کرسٹین ڈیفرین سے ملاقات میں کہاکہ غربت ، جہالت ، تفریق اور دیگر ملکوں میں بڑی طاقتوں کی مداخلت، دہشت گردی کی اصل وجہ ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے میں یورپی یونین کی جانب سے تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان، عراق اور شام میں دہشت گردی کے پروان چڑھنے کے سلسلے میں یورپ کی لاتعلقی اس بات کا باعث بنی ہے کہ دہشت گردی کے شعلے یورپ تک جاپہنچیں -

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس ملاقات میں کہاکہ تہران، یورپی یونین منجملہ بیلجیئم کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تیارہے -انہوں نے دوطرفہ تعلقات کےاستحکام اورتوسیع میں دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کے کردار پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ایران اور بیلجیئم کو چاہئے کہ پابندیوں کے خاتمے کےبعد دوطرفہ اقتصادی اورتجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے اپنی توانائیوں اور وسائل سے استفادہ کریں -

انہوں نے کہاکہ تہران اور برسلزکے اقتصادی تعلقات کی توسیع کی راہ میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے - بیلجیئم کی سینیٹ کی چیئرپرسن کرسٹین ڈیفرین نے بھی اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران علاقے میں امن و استحکام کے محرک کی حیثیت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کرسکتاہے اور برسلز اس سلسلے میں تہران کے ساتھ ہے -