ایرانی مسلمانوں کے لئے حج کے دروازے بند ہونے کا ذمہ دار سعودی عرب ہو گا، جابری انصاری
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس سال ایرانی زائرین کی منتقلی اور ویزے جاری کئے جانے کے بارے میں اختلافات اگر حل نہیں ہوئے، تو ایرانی مسلمانوں کے لئے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے دروازے بند ہونے کا ذمہ دار، سعودی عرب ہو گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے ایرانی زائرین کے لئے اس سال حج کی صورت حال کے بارے میں کہا کہ قابل افسوس بات یہ ہے کہ سعودی عرب کی حکومت اس بات کے دعوے کرنے کے باوجود کہ ایران کے ساتھ سیاسی اختلافات سے وہ حج کے مسئلے کو نہیں جوڑےگی، عملی طور پر خلاف ورزیاں کر کے اب تک اس نے فریضہ حج کی ادائیگی اور ایرانی حجاج کی روانگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں عملی سمجھوتے کا امکان فراہم نہیں کیا ہے۔ انھوں نے حج کے ویزے صادر کرنے، نقل و حمل، ایئر لائنز اور ایرانی حجاج کی سلامتی جیسے بنیادی مسائل میں سعودی عرب کی خلاف ورزیوں کی طرف اشارہ کیا اور امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کی حکومت، اپنی غلط پالیسیاں تبدیل کرے گی تاکہ عملی امور میں سمجھوتے کا امکان فراہم ہو سکے۔ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایرانی حجاج کے لئے ویزوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کو ایران اور سعودی عرب کے درمیان بنیادی اختلافات سے تعبیر کیا اور کہا کہ ایران، اس بات پر آمادہ ہے کہ سعودی عرب کے ویزے جاری کئے جانے کے لئے جتنے بھی ذمہ دار افراد کی ضرورت ہو، ان کے لئے ایران کے ویزے جاری کرے تاکہ وہ سوئیزرلینڈ یا کسی مخصوص عمارت میں تعینات ہو کر ایرانی حجاج کے لئے ویزے جاری کرنے کا عمل انجام دے سکیں۔ انھوں نے کہا کہ حجاج کی منتقلی کے سلسلے میں کسی تیسرے ملک کی ایئر لائنز کا استعمال رائج نہیں ہے اور ایران کی جانب سے ایسی کسی تجویز کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حج کی ضمانت، ارکان حج کی ادائیگی اور حجاج کرام کی سلامتی، میزبان ملک کی حکومت کے واضح اہم فرائض میں شامل ہے۔