ایران کی نئی پارلیمنٹ نے اپنے کام کا آغاز کر دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی دسویں پارلیمنٹ کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام سے پارلیمنٹ کے اجلاس کا باضابطہ آغاز ہوا جس کے بعد پارلیمنٹ کے سب سے سینیئر رکن نے ، ایوان کی صدارت سنبھالی۔ پارلیمانی قوانین کے مطابق عبوری پریزائیڈنگ کمیٹی، سب سے زیادہ عمر کے حامل ارکان اسمبلی پر مشتمل ہوتی ہے اور مستقل پریزائیڈنگ کمیٹی کے انتخاب تک کام کرتی رہتی ہے۔
ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے پارلیمانی انتخابات کے بارے میں مفصل رپورٹ پارلیمنٹ کے روبرو پڑھ کر سنائی۔
اس کے بعد عبوری پریزائیڈنگ کمیٹی کے صدر نے ، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کو پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت دی۔ صدر کے خطاب کے بعد عبوری پریزائیڈنگ کمیٹی کے صدر اور دیگر نومنتخب ارکان پارلیمنٹ نے رکنیت کا حلف اٹھایا اور حلف نامے پر دستخط کیے
ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان کی تعداد دو سو نوے ہے۔ پارلیمانی انتخابات رواں سال چھبیس فروری کو منعقد ہوئے تھے جس میں دو سو اکیس ارکان پہلے مرحلے جبکہ اڑسٹھ ارکان ، انتیس اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئے۔