دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوجی مشاورتی امداد جاری رکھیں گے: ایران
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i228874-دہشت_گردی_کے_خلاف_جنگ_میں_فوجی_مشاورتی_امداد_جاری_رکھیں_گے_ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فوجی مشاورتی امداد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۱:۰۱ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوجی مشاورتی امداد جاری رکھیں گے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فوجی مشاورتی امداد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا

ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے ارنا سے گفتگو کے دوران فلوجہ میں دہشت گردوں کےخلاف عراقی افواج کی اہم کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے اور دنیا میں امن و استحکام کے لئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لئے اپنی مدد کو انتہائی اہم سمجھتا ہے-

انہوں نے کہا کہ عراق اور شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان ملکوں کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے موثر اقدامات اور ان کے لئے ایران کی مدد نہ ہوتی تو آج مغربی ایشیا کے حساس علاقے میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہ ہوتی -

ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ علاقے سے دہشت گردی کا صفایا اسی صورت میں ہو سکتا ہے جب دنیا کے سبھی ممالک اس سلسلے میں بھرپور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے- انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دہشت گردوں کے سرکاری اور غیر سرکاری حامی اور وہ فریق جو دہشت گردی کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کرتے ہیں علاقے اور دنیا کی سلامتی کونقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ خود کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں -

واضح رہے کہ پچھلے دنوں دہشت گردوں کے حامی بعض ملکوں نے عراق اور شام میں ایران کی جانب سے فوجی مشاورت کی مدد پرجو عراق اور شام کی حکومتوں کی باضابطہ درخواستوں پرکی جارہی ہے، تنقید کی تھی-

یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق اور شام کے بہت سے اعلی حکام نے با رہا اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اگر ایران کی فوجی مشاورتی امداد نہ ہوتی تو داعش آج ان دونوں ہی ملکوں کے بہت سے اہم شہروں پر قبضہ کرچکا ہوتا-