ایران کی جانب سے دہشت گردی کے بھرپور مقابلے کی ضرورت پر تاکید
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i230731-ایران_کی_جانب_سے_دہشت_گردی_کے_بھرپور_مقابلے_کی_ضرورت_پر_تاکید
ایران کے وزیر دفاع نے ٹھوس بنیادوں پر دہشت گردی کے مقابلے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے دہشت گردی کے بھرپور مقابلے کی ضرورت پر تاکید

ایران کے وزیر دفاع نے ٹھوس بنیادوں پر دہشت گردی کے مقابلے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تہران میں شام کے وزیر دفاع جنرل جاسم فہد الفریج سے بات چیت کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان نے کہا کہ ٹھوس بنیادوں پر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ایران کی پالیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران شام کی قانونی حکومت کی درخواست پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی حکومت اورعوام کی حمایت کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نہ صرف شام کو فوجی مشاورت فراہم کرتا رہے گا بلکہ ، شامی عوام کی انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ بھی جاری رکھے گا۔ ایران کے وزیردفاع نے کہا کہ دہشت گردی کے شکار ملکوں کی حمایت کرنا، خطے میں امن و سلامتی کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔

شام کے وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ، ترکی اور بعض عرب ممالک دہشت گردوں کی کھلی حمایت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے عوام کی حمایت کا دم بھرنے والے عرب ممالک نے تکفیری دہشت گردوں کی کھلے عام اور خفیہ حمایت کرکے ، ہماری قوم کے خلاف بدترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

جنرل فہد جاسم الفریج نے واضح کیا کہ شام کی حکومت اور مسلح افواج ، اپنے دوست ملکوں کے تعاون سے، ملک کو دہشت گردوں اور ان کے حامیوں سے نجات دلانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔