ایران قیام امن میں پڑوسی ملکوں کی مدد جاری رکھے گا
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i231619-ایران_قیام_امن_میں_پڑوسی_ملکوں_کی_مدد_جاری_رکھے_گا
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امن و سلامتی کی برقراری میں پڑوسی ملکوں کی مدد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران قیام امن میں پڑوسی ملکوں کی مدد جاری رکھے گا

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امن و سلامتی کی برقراری میں پڑوسی ملکوں کی مدد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو انتظامیہ، مقننہ، اور عدلیہ کے سربراہوں کی نشست کے بعد کہا کہ اقوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ آزادی و خومختاری اور امن و ثبات کے ماحول میں زندگی گزاریں۔ انھوں نے کہا کہ تہران اپنے ان تمام پڑوسی ملکوں کی مدد جاری رکھے گا جنھوں نے امن و سلامتی کے قیام میں اسلامی جمہوریہ ایران سے مدد طلب کی ہے۔

صدر مملکت نے بتایا کہ مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کے ساتھ ان کی میٹنگ میں علاقے کے حالات کا جائزہ لیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ آج علاقے کے حالات اچھے نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خطے میں قتل و غارتگری جاری ہے اور دہشت گرد گروہوں نے اپنے انسانیت سوز جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان حالات میں بین الاقومی اداروں کی ساکھ اور وقار روز بروز کم سے کم تر ہوتا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ سعودی عرب کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست سے نکالنے کے لئے ریاض کے دباؤ میں آ کر اپنے موقف سے اقوام متحدہ کی پسپائی نے ثابت کر دیا ہے کہ اب بین الاقوامی اداروں کی وہ ناقص حیثیت بھی نہیں رہی جو ماضی میں ہوا کرتی تھی۔

انھوں نے کہا کہ خطے کے ملکوں میں جاری بحرانوں کا واحد حل یہ ہے کہ اقوام کو آزادی و خودمختاری، اور امن و استحکام سے استفادے کا اختیار دیا جائے ۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ عراق اور شام کو دہشت گردوں سے جلد ازجلد نجات ملے گی اور ان ملکوں میں امن و استحکام قائم ہو گا۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کی انتظامیہ، مقننہ، اور عدلیہ کے سربراہوں، ڈاکٹر حسن روحانی، ڈاکٹرعلی لاریجانی اور حجت الاسلام صادق آملی لاریجانی کی نشست میں ملک کے مسائل، خطے کے حالات اور اہم بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔