Jul ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران: پارلیمنٹ میں اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کی بریفنگ

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے ملک کی دفاعی اور سلامتی سے متعلق توانائیوں کو اطمینان بخش قرار دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے منگل کو پارلیمنٹ میں ایران اور علاقے کی سیاسی، دفاعی اور سلامتی سے متعلق صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی۔

انھوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کے خلاف پابندیاں اور ایران کی دفاعی طاقت و توانائی کو محدود کرنے کی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھا لیکن اس کے باوجود ہم نے ایران کی انقلابی پالیسیوں کو اغوا کرنے کی امریکا کی کوششوں سے متاثر ہوئے بغیر مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد میں وقفہ نہیں آنے دیا۔

انھوں نے کہا کہ علاقائی سلامتی سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیوں نے عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کے اثرات کو حتی المقدور غیر موثر بنا دیا۔

اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی توانائیوں میں اضافہ نیز قومی یک جہتی کی تقویت خطرات کے مقابلے کے لئے ایران کی اسٹریٹیجک پالیسی ہے۔

انھوں نے اپنے خطاب میں علاقے میں امن و سلامتی کی صورت حال پر بھی روشنی ڈالی۔ ایڈمیرل علی شمخانی نے عراق کے حالات اور وہاں تکفیری دہشت گردی کے زوال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلوجہ کے آپریشن نے عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی توانائیوں کو ثابت کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ فلوجہ آپریشن نے فوجی شعبے میں عراقی حکومت کی پیشرفت کی بھی عکاسی کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے شام کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور شام کے درمیان سیاسی اور فوجی تعاون اور ہم آہنگی کو بہت مفید اور دہشت گردوں کو شکست دینے میں موثر قرار دیا۔

انھوں نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں یمن اور بحرین کے حالات کا بھی ذکر کیا۔ ایڈمیرل علی شمخانی نے بحرین اور یمن میں علاقے کی بعض حکومتوں کے تخریبی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پڑوسی ملکوں میں ہر قسم کی مداخلت اور اپنے توسیع پسندانہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے فوجی طاقت کے استعمال کی مذمت کرتا ہے۔