اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام صدر مملکت کا تہنیتی پیغام
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی ملکوں کے سربراہوں کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے منگل کی رات الگ الگ پیغامات میں اسلامی ملکوں کے سربراہوں کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ماہ ضیافت الہی کی برکتوں کے سائے میں اور اس مبارک عید کے موقع پر زیادہ ہمدلی اور تعاون سے امت اسلامی کے درمیان پہلے سے زیادہ امن و امان قائم ہو گا اور اتحاد و بھائی چارے کے رشتے مضبوط ہوں گے۔
صدر مملکت نے اس پیغام میں اسلامی ملکوں کے سربراہوں کو مخاطب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دین اسلام کی تعلیمات سے فائدہ اٹھا کر اسلام کا تشدد پسند اور انتہا پسند چہرہ پیش کرنے اور تفرقہ ڈالنے کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا والوں کے سامنے اسلامی الفت و محبت کی حقیقی تصویر پیش کی جا سکتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اسی طرح خداوند متعال سے دنیا کے تمام مسلمانوں کے لیے بھلائی اور نیک بختی کی دعا کی۔
واضح رہے کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان سمیت دنیا کے اکثر اسلامی ملکوں میں عیدالفطر روایتی اور مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔