ایران کے اسپیکر کا اپنے ترک ہم منصب کے نام تہنیتی پیغام
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اپنے ترک ہم منصب کے نام پیغام میں فوجی بغاوت کے مقابلے میں عوامی عزم و ارادے اور جمہوریت کی فتح پر مبارک باد پیش کی ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر اسماعیل قہرمان کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پچھلے چند گھنٹے کے واقعات نے بخوبی واضح کر دیا ہے کہ عوام کا عزم و ارادہ ہی ملک کی تقدیر میں فیصلہ کن ہوتا ہے اور غیر قانونی طریقے سے اقتدار میں آنے کی کوششیں فرسودہ ہو چکی ہیں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹوں اور دین اسلام کے اصولوں کے مطابق قائم ہونے والی حکومت کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ دیگر ملکوں کے اقتدار اعلی اورعوام کی منتخب کردہ حکومتوں کی حمایت کی ہے۔
ایران کےاسپیکر نے اپنے پیغام میں ترکی میں منتخب حکومت کے خلاف فوجی بغاوت اور خاص طور سے پارلیمنٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے یہ بات زور دیکر کہی ہے کہ ایران کی حکومت اور عوام اپنے دوست اور برادر ملک ترکی کے مسلمان عوام کی حمایت کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ہونے والی ناکام فوجی بغاوت میں دو سو کے قریب افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔