مغرب اسلامی انقلاب کے پیغام سے خوفزدہ ہے، ڈاکٹر علی اکبر صالحی
ایران کے جوہری توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ مغرب ایران کی ترقی و پیشرفت سے نہیں بلکہ اسلامی انقلاب کے پیغام سے خوفزدہ ہے۔
پیر کے روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلحے، ٹیکنالوجی ، معیشت اور تجارت کے حوالے سے مغرب کو کوئی مشکل نہیں ہے بلکہ وہ اسلامی انقلاب کے پیغام کی ترویج سے خوف زدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے، دنیا میں نیا سیاسی فلسفہ اور حکمرانی کا نیا ڈھنگ پیش کیا ہے۔
ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ پچھلے سینتیس برسوں کے تجربات نے ثابت کر دیا ہے کہ اسلامی انقلاب کا سیاسی فلسفہ کارآمد واقع ہو سکتا ہے اورمشکلات و مسائل سے نمٹنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اپنے تمام ممکنہ دشمنوں کے ساتھ معاملات طے کر لیے ہیں اور صرف ایران ہے جو اس کے مد مقابل ڈٹا ہوا ہے جو بہت بڑا چیلینج ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ نے ایران کی ایکسٹرنل سروس کے چینلوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ایرانی ذرائع ابلاغ نے بیرونی ذرائع ابلاغ کے مقابلے میں انتہائی کم وسائل کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے تاہم ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری آواز اس سے بھی زیادہ موثر طریقے سے دنیا والوں کے کانوں تک پہنچنا چاہیے۔
ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ ابلاغیات اور میڈیا کے میدان میں ہمیں مزید تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور امریکہ بھی اس بات سے پریشان ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی میڈیا پروڈکشن دنیا والوں تک پنہچنے لگی ہیں۔
جوہری توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ نے ایک بار پھر کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے کے تحت ایران میں یورینیئم کی افزودگی اور بھاری پانی کی تیاری کے عمل کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی ضرورت سے زائد بھاری پانی بیچنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ ہماری جوہری صنعت بخوبی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ امریکہ کے دباؤ کی وجہ سے یورپ کے بڑے بڑے بینک تاحال ایران کے ساتھ لین دین نہیں کر رہے ہیں۔