ایران: بانی انقلاب اسلامی کی راہ جاری رکھنے کا حکومتی عزم
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ہفتہ حکومت کی مناسبت سے بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضری دی اور آپ کی راہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتہ حکومت کے آغاز کے موقع پر منگل کے روز کابینہ کے اراکین کے ہمراہ تہران کے جنوب میں واقع بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع صدر مملکت نے اپنے ایک مختصر خطاب میں حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت، امام خمینی (رہ ) کی راہ جاری رکھنے اور رہبر انقلاب اسلامی کی اطاعت کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ آج ہماری حکومت یہ واضح کردینا چاہتی ہے کہ حضرت امام خمینی کا راستہ، حق کا راستہ ہے کہ جس پر چل کر ہماری قوم، نہ صرف امت مسلمہ بلکہ ساری دنیا، بلند و بالا مقاصد کے حصول میں کا میاب ہوسکتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایران میں یہ ایک روایت رہی ہے کہ ہفتہ حکومت کے آغاز پرارکان حکومت، تجدید بیعت کی خاطر بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضری دیتے ہیں۔ صدرڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ عوام کی خدمت کرتے ہوئے ہماری حکومت کا چوتھا سال ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہماری قوم مکمل اتحاد و یکجہتی اور آرام و سکون کے ساتھ ملک کی معاشی ترقی کے لئے کوشاں رہے گی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہماری قوم، معاشی اعتبار سے بھی انقلابی اقدار کے لحاظ سے بھی اپنے اعلی اہداف کو پالے گی۔ تئیس اگست کو ہرسال قومی سطح پر ہفتہ حکومت منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر اعلی سرکاری حکام کو عوام کے سامنے اپنی ایک سال کی کار کردگی اور آئندہ پروگراموں سے متعلق تفصیلات بیان کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ہفتہ حکومت، دراصل عوام اور حکومت کے متحد ہونے کی علامت کے طور منایا جاتا ہے جو اسلامی جمہوری نظام کے لئے ایک افتخار ہے۔ اس دوران پورے ملک میں معاشی ترقی اور آبادکاری سے متعلق منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاتا ہے۔