گرفتار شدہ دہشت گردوں نے اہم انکشافات کئے ہیں: علاء الدین بروجردی
-
علاء الدین بروجردی: آل سعود حکومت خطے اور دنیا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ ایران میں گرفتار ہونے والے دہشت گردوں نے سعودی عرب کے کردار اور اس کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کے بارے میں ایران کے سیکورٹی حکام کے سامنے اہم انکشافات کئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، علاء الدین بروجردی نے لبنان کی العہد ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران میں سعودی عرب کی انٹیلی جنس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے سلسلے میں کہا کہ آل سعود حکومت خطے اور دنیا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتی ہے اور وہ ایرانی قوم کو نشانہ بنانے کے لئے دہشت گرد گروہوں کی مدد کرتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ، علاء الدین بروجردی نے دہشت گردی کے مقابلے کے سلسلے میں ایران اور روس کے باہمی تعاون کے نئے مرحلے کے بارے میں کہا کہ بغداد اور دمشق میں ایران، روس، شام اور عراق کے مشترکہ آپریشنل روم قائم ہیں اور جب ہم نے یہ محسوس کیا کہ دہشت گردوں کو ضرب لگانے کے لئے بعض بڑے قدم اٹھانے کی ضرورت ہے تو ہم نے مغربی ایران میں واقع ہمدان شہر میں نوژہ ایئربیس میں روسی لڑاکا طیاروں کی فیولنگ سے موافقت کی۔
علاء الدین بروجردی نے مزید کہا کہ ایران نے یہ فیصلہ اپنے قومی مفادات اور قومی سلامتی نیز دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والے استقامتی محاذ کی حمایت کی بنیاد پر کیا۔