توحید و وحدت، اسلامی معاشرے کے استحکام کے لئے ضروری
تقریب مذاہب اسمبلی کے سیکریٹری آیت اللہ محسن اراکی نے توحید و وحدت کو اسلامی معاشرے کے استحکام کے لئے ضروری قرار دیا ہے۔
شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد المقدس میں امام رضا (ع) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ محسن اراکی نے کہا کہ توحید ایک اسلامی حقیقت ہے جس پر اسلام اور قرآن کریم نے بے انتہا تاکید فرمائی ہے۔
آیت اللہ اراکی نے کہا کہ مشرکین کی کوشش ہے کہ اسلامی معاشرے سے توحید اور وحدت کو ختم اور ان کے درمیان اختلافات پیدا کر دیئے جائیں۔
تقریب مذاہب اسمبلی کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم نے ہمیشہ توحید پر تاکید فرمائی ہے اور تمام آسمانی کتابوں، خاص طور سے قرآن کریم میں اس پر بے انتہا زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے شیعہ اور سنی دونوں فرقوں پر زور دیا کہ وہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کی بیان کردہ تعلیمات اور وضع کردہ اصولوں کی حفاظت اور ان پر پوری طرح سے عمل درآمد کریں۔
تقریب مذاہب اسمبلی کے سیکریٹری نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اتحاد اسلامی کا قیام مکمن ہے اور اسلامی سماج کو گمراہی سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔