ایران نے افغانستان میں ہائی وے کی تعمیر کا کام شروع کردیا
ایرانی کمپنی نے مغربی افغانستان میں ہائی وے کی تعمیر کا کام شروع کردیا ہے۔
افغانستان کے صوبے فراہ کے گورنر محمد آصف ننگ نے ایران کے صوبہ خراسان جنوبی کے نمائندے ابراہیم عباس زادہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ " سیونٹی ایٹ میل" نامی اس شاہراہ کی تعمیر سے افغان تاجروں کو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بے انتہا فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سو بیس کلومیٹر طویل اس ہائی وے کا آدھا حصہ پہلے ہی ایران تیار کرچکا ہے اور مزید تیس کلومیٹر کا حصہ تیاری کے مراحل میں ہے۔
افغان عہدیدار کا کہنا تھا یہ شاہراہ افغانستان کے صوبے فراہ کو ایران کے صوبے خراسان جنوبی سے ملاتی ہے۔ایران کے صوبائی نمائندے ابراہیم عباس زادے نے اس موقع پر ایرانی منصوبے پر عملدرآمد کے دوران ایرانی انجییئروں اور کارکنوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔