شام کے مسئلے پر ماسکو میں سہ فریقی اجلاس
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i267502-شام_کے_مسئلے_پر_ماسکو_میں_سہ_فریقی_اجلاس
اسلامی جمہوریہ ایران روس اور ترکی نے شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوششوں پر اتفاق کیاہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۱۴, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۶ Asia/Tehran
  • شام کے مسئلے پر ماسکو میں سہ فریقی اجلاس

اسلامی جمہوریہ ایران روس اور ترکی نے شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوششوں پر اتفاق کیاہے-

ایران روس اور ترکی کے نائب وزرائے خارجہ نے ماسکو میں شام کے تازہ ترین حالات اور قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شامی فریقوں کے درمیان آئندہ مذاکرات کا جائزہ لیا- ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین جابری انصاری ، روس کے نائب وزیرخارجہ میخائل بوگدانف اور ترکی کے نائب وزیرخارجہ اونال نے ماسکو میں ایک اجلاس کیا- اجلاس کا ایجنڈہ آستانہ میں ہونے والے آئندہ مذاکرات کا انعقاد تھا - اجلاس میں روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے بھی تقریرکی -

آستانہ مذاکرات تیئیس جنوری کو ہونے والے ہیں -  اجلاس میں تینوں ملکوں کے نائب وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ شام سے متعلق آستانہ مذاکرات کو کامیاب بنانے اور شام کے بحران کے حل میں مدد دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے - شام کے شمالی شہر حلب کی آزادی کے بعد شام میں سیاسی عمل کو تقویت پہنچانے، دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد اور شام میں پائیدارامن و امان کے قیام کے لئے قزاقستان کے شہر آستانہ میں اجلاس ہورہا ہے -

ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ نے الگ سے بھی شام کے مسائل کے بارے میں دوطرفہ مذاکرات انجام دئے - روس کے نائب وزیرخارجہ نے شام کے بحران کے حل کے لئے ایران اور روس کے مشترکہ تعاون پر خوشی کا اظہار کیا - روسی نائب وزیرخارجہ بوگدانف نے کہا کہ تہران اور ماسکو کا اسٹریٹیجک تعاون شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے شامی عوام کے ناقابل انکارحق کو یقینی بنانے کے لئے ہے اور یہ اسٹریٹیجک تعاون ایران اور روس کے صدور کے اسی نظریئے کے مطابق انجام پارہا ہے -

  روس کے نائب وزیرخارجہ اور مشرق وسطی کے امور میں صدر ولادیمیرپوتن کے خصوصی نمائندے نے ماسکو میں ایران کے نائب وزیرخارجہ کے ساتھ ملاقات کے بعد کہاکہ شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے پر مبنی تہران اور ماسکو کے نظریات کامشاہدہ شام میں جاری جنگ بندی کے معاہدے میں پوری طرح کیا جا سکتا ہے - روس کے نائب وزیرخارجہ نے کہاکہ آستانہ مذاکرات شام کے بحران کے سیاسی حل کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتاہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ شامی گروہوں کے درمیان مذاکرات جنیوا میں بھی دوبارہ شروع ہوں گے - ماسکو میں سہ فریقی اجلاس کے بعد ایران روس اور ترکی کے نائب وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا جس میں داعش اور جبہۃ النصرہ کے خلاف جنگ  پرتاکید اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے تعاون کی درخواست کی گئی ہے بیان میں شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے تحفظ پر بھی زوردیا گیا ہے -