ایران کی جانب سے شام میں تکفیری دہشت گردوں کے جرائم کی مذمت
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i279420-ایران_کی_جانب_سے_شام_میں_تکفیری_دہشت_گردوں_کے_جرائم_کی_مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے شام میں تکفیری دہشت گردوں کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کی ہے۔
(last modified 2025-08-10T10:38:06+00:00 )
Apr ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۱:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے شام میں تکفیری دہشت گردوں کے جرائم کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے شام میں تکفیری دہشت گردوں کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ہفتے کو شام میں تکفیری دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے دہشت گردانہ حملے اور ہولناک جرائم کی مذمت کرتے ہوئے شام کی حکومت، عوام اور اس حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا-

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ تکفیری دہشت گردوں نے شام کے قصبوں فوعہ اور کفریا میں محصور باشندوں کی بسوں پر ہولناک حملہ کر کے  دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے سیاہ کارناموں میں ایک اور شرمناک باب کا اضافہ کیا ہے-

انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی رائے عامہ اور دنیا کے بیدار ضمیر اور باشعور انسانوں کا اصل سوال یہ ہے کہ شامی عوام کی حمایت کا دعوی کرنے والے ممالک، اس ہولناک دہشت گردی پر کیوں خاموش ہیں اور ان کی زبان سے کیوں کچھ نہیں نکل رہا ہے؟۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردانہ اقدامات کے سلسلے میں دوہرا معیار اور خونخوار دہشت گردوں کے حامی ملکوں کی جانب سے دہشت گردوں کو اچھے اور برے دہشت گردوں میں تقسیم کئے جانے کے اقدامات اور دہشت گردوں کے کمزور ہونے کی صورت میں ان کی مدد کے لئے آگے آنے والے انسانی حقوق کے نام نہاد دعویدار ملکوں کے رویّے نے ہی، دہشت گردوں کو گستاخ بنا دیا ہے تاکہ وہ ایسے انتہائی وحشتناک جرائم کا ارتکاب کریں کہ جن کا آج ہم مشاہدہ کر رہے ہیں-