ایران، افغان حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے: آل حبیب
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب مندوب نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماہنگی و یکجہتی پر تاکید کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مندوب اسحاق آل حبیب نےافغانستان کےسلسلے میں منعقدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماہنگی پر تاکید کی اور کہا کہ ایران، امن کے حصول کے لئے افغان حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
اسحاق آل حبیب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی گیارہ ستمبردوہزار گیارہ کی رپورٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ افغانستان پر امریکہ کے حملوں کو دس سال ہوچکے ہیں تاہم اب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نائب مندوب نے طالبان اور داعش سمیت دہشتگرد گروہوں کے ہاتھوں اس ملک کے عوام خاص طور سے شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ افغانستان میں طرح طرح کے دہشتگرد گروہوں کی موجودگی اور ان کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اس ملک میں دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لئے ہماہنگ بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ آل حبیب نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو دہشتگرد گروہوں اور اس کے حامیوں کے خلاف جنگ میں افغانستان کی قومی حکومت کی حمایت جاری رکھنا چاہئے۔