فرانس کے صدر کے دورہ تہران کے لئے کوئی شرط قبول نہیں
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ فرانس کے صدر کے دورہ تہران کے بارے میں کوئی شرط قبول نہیں کرے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیر کو ہفتہ وارپریس بریفنگ میں فرانس کے صدر کے دورہ تہران کے لئے شرط کے تعلق سےخبروں کے بارے میں کہا کہ ایران اور فرانس کے درمیان اگرچہ تعاون میں اضافہ ہورہا ہے لیکن اس کے باوجود فرانس اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئےشرط یا شرائط عائد کرے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کوئی شرط قبول نہیں کرتا اور اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسی کے بارے میں خود فیصلہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر میکرون کے دورہ ایران کے لئے شرطوں کے بارے میں جو باتیں کی جارہی ہیں وہ بیجا، نامناسب اور پوری طرح سے غلط ہیں اور اس طرح کی شرطوں کی اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیوں میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے شام میں ترک افواج کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ ترک افواج کی کارروائیاں جلد سے جلد ہونی چاہئیں اور شام کے اقتدار اعلی کا احترام کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کابل کے حالیہ دہشت گردانہ حملوں اور بم دھماکوں کے بارے میں کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام اور افغان عوام کے رفاہ و آسائش کے لئے افغان حکومت کی طرف سے اٹھایا جانے والا ہرقدم ایران کے لئے اہمیت رکھتا ہے۔