ایشیائی تعاون کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، ڈاکٹر لاریجانی
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i339438-ایشیائی_تعاون_کا_فروغ_وقت_کی_ضرورت_ہے_ڈاکٹر_لاریجانی
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے علاقائی مشکلات کے حل کے لئے ایران، شام، روس اور ترکی کے تعاون کو براعظم ایشیا کی اقتصادی اور سیاسی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے رول ماڈل قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۲۹, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  •  ایشیائی تعاون کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، ڈاکٹر لاریجانی

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے علاقائی مشکلات کے حل کے لئے ایران، شام، روس اور ترکی کے تعاون کو براعظم ایشیا کی اقتصادی اور سیاسی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے رول ماڈل قرار دیا ہے۔

ترکی کے شہر استنبول پہنچنے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایشیا کا خطہ توانائی، قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال ہے جن سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ایران نے ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اور آج بہت سے ممالک اس کے رکن ہیں اور ان ملکوں کی پارلیمانیں اس میں شامل ہو گئی ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ ایران، چین، ترکی، روس، افغانستان اور پاکستان کا بین الپارلیمانی اجلاس عنقریب تہران میں ہو گا جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ، علاقائی بدامنی کے تدارک، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا جائے۔
 قابل ذکر ہے کہ ایشین پارلیمینٹری ایسوسی ایشن، اے پی اے کا اجلاس ترکی کے شہر استنبول میں شروع ہو گیا ہے جس میں ایشیا کے تئیس ملکوں کے پارلیمانی اسپیکر شرکت کر رہے ہیں۔