Aug ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
  • امریکا خلیج فارس میں بدامنی نہیں پیدا کرسکتا، ایرانی وزیرخارجہ

وزیرخارجہ ڈاکٹر محمدجواد ظریف نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس کی سیکورٹی کے تحفظ کی کوشش کررہا ہے اور امریکا اس خطے میں بدامنی پیدا نہیں کرسکتا۔

وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نارویجین انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئر کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران خلیج فارس کے مستقبل اور جنگ کے خطرے کے امکان کے بارے میں کہا کہ ایران خلیج فارس میں جنگ میں پہل نہیں کرے گا لیکن وہ اپنا بھرپور دفاع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے اپنی پابندیوں کے ذریعے ایرانی عوام کو نشانہ بنایا ہے جو ایک طرح کی دہشت گردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکوں کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ امریکا ان سے داداگیری سے پیش آئے انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کبھی بھی دھونس و دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا۔ ایرانی وزیرخارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران ایک ہزار پانچ سو میل ساحل کے ساتھ خلیج فارس کا سب سے بڑا ملک ہے کہا کہ آبنائے ہرمزکی سلامتی ایران کے بغیر ممکن نہیں ہے اور کوئی دوسرا ملک بھی اس علاقے میں بدامنی نہیں پھیلا سکتا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران سبھی ملکوں کے ساتھ تعاون اور افہام و تفہیم کے لئے تیار ہے۔ وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے ناروے سے پہلے فنلینڈ اور سوئیڈن کا بھی دورہ کیا ہے- وہ تین یورپی ملکوں کے دورے کے پہلے مرحلے میں اتوار فنلینڈ کے دارالحکومت ہلسنکی پہنچے تھے۔