اقتصادی میدان میں بھی دشمن کو شکست ہوگی، رہبر انقلاب اسلامی
Nov ۲۰, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۸ Asia/Tehran
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملکی معیشت کو بیرونی پابندیوں کے اثرات سے محفوظ بنائے جانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ ایران کے عوام نے جس طرح دوسرے میدانوں میں دشمن کو شکست دی ہے اسی طرح اقتصادی میدان میں بھی دشمن کو شکست سے دوچار کردیں گے۔
منگل کی شب صنعت کاروں ، مختلف صنعتی مصنوعات تیار کرنے والوں اور اقتصادی شعبے میں کام کرنے والوں کی ایک تعداد نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اسلامی نظام میں قومی ثروت اور عوامی فلاح و بہبود کی کوششیں جاری رکھنے نیز بیرون ملک سے امیدیں وابستہ نہ کرنے کی اہمیت کی جانب اشارہ کیا اور اس بات پر تاکید فرمائی کہ پیداواری سرگرمیوں کی تقویت کرکے ملکی معیشت کو پابندیوں کے اثرات سے محفوظ بنانا ہی بنیادی اسٹریٹیجی ہے اور میں اس کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور ملک کی حقیقی ترقی کے راستے کا بھر پور دفاع کرتا ہوں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مختلف ملکوں اور طاقتوں کے درمیان جاری دائمی اقتصادی جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ موجودہ امریکی صدر کے دور میں یہ جنگ چین، کوریا، یورپ اور دیگر علاقوں تک پھیل گئی ہے اور ایران کے خلاف یہ جنگ پابندیوں کے ذریعے انتہائی وحشیانہ، مخاصمانہ اور مجرمانہ شکل میں جاری ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ملکی پیداوار کی تقویت کو مشکلات کا علاج قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ موجودہ مسائل کا واحد حل یہ ہے کہ ملک کی پیداواری طاقت اور توانائی میں اضافے کا عمل ٹھوس بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے اور صحیح فیصلوں اور لازمی اقدامات کے ذریعے اس میدان میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ اس کے مثبت اثرات پہلے سے زیادہ نمایاں ہونا شروع کردیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نہ ختم ہونے والی ملکی توانائیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ انشااللہ ایسی بے مثال توانائیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کہ جن کے محض تھوڑے سے حصے کو اب تک استعمال کیا گیا ہے، اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے کر پابندیوں کو مواقع میں تبدیل کردیا جائے گا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے دفاعی شعبوں کی ہائی ٹیک انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی دوسرے شعبوں میں منتقل کو ضروری قرار دیتے ہوئے فرمایا برسوں پہلے ایک اسرائیلی جنرل نے کہا تھا کہ مجھے اگرچہ ایرانی اچھے نہیں لگتے لیکن میں ان کی دفاعی ترقی کو سلام کرتا ہوں، البتہ اس وقت کے مقابلے میں آج ہم نے بہت زیادہ ترقی کرلی ہے اور بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی بھی ان میں سے ایک ہے، جو دوہزار کلومیٹر کے فاصلے پر اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی توانائی رکھتے ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب کے آخر میں ایرانی قوم اور انقلاب اسلامی کے دوستوں اور دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی قوم نے فوجی، سیاسی اور سیکورٹی جنگ میں دشمن کو پیچھے دھکیل دیا ہے اور خدا کے فضل و کرم سے اقتصادی جنگ میں بھی دشمن کو پسپا کر دیں گے۔
آپ نے فرمایا کہ پیداواری سرگرمیوں کی تقویت اور اقتصادی ترقی جانب اس سفر کو جاری رکھتے ہوئے ایرانی قوم اپنے تابناک مستقل کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔