ایک لاکھ پانچ ہزار کورونا متاثرین اسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i366563-ایک_لاکھ_پانچ_ہزار_کورونا_متاثرین_اسپتالوں_سے_ڈسچارج_ہوئے
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک ملک میں ایک لاکھ پانچ ہزار آٹھ سو ایک کورونا مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
May ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  • ایک لاکھ پانچ ہزار کورونا متاثرین اسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے

ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک ملک میں ایک لاکھ پانچ ہزار آٹھ سو ایک کورونا مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے اپنی روزانہ پریس بریفنگ میں کورونا کے نئے اعداد و شمار  سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے دو ہزار ایک سو اسّی نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے تین سو چونسٹھ مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ کیا گیا ہے اور ایک ہزار آٹھ سو سولہ ایسے تھے جو کورونا مریضوں کے ساتھ رابطوں میں تھے اور ان کے لئے احتیاطی تدابیر کی ضرورت تھی، اس طرح اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد بڑھکر ایک لاکھ پینتیس ہزار سات سو ایک ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر جہانپور کے مطابق چوبیس گھنٹے کے دوران مزید اٹھاون مریضوں کی اموات ہوئیں جس کے بعد کورونا کے سبب جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد سات ہزار چار سو سترہ ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد چوّن لاکھ بائیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جن میں سے تین لاکھ چوالیس ہزار جاں بحق اور تقریبا بائیس لاکھ پچپن ہزار سے زائد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے واپس گھروں کو جا چکے ہیں۔