ایران، ڈیڑھ لاکھ سے زائد کورونا مریض صحتیاب
ایران میں کورونا کے مزید دو ہزار مریض سامنے آئے ہیں جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد تقریبا ایک لاکھ ترپن ہزار ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے منگل کو کورونا مریضوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے دو ہزار پانچ سو ترسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جس میں نو سو انتالیس مریضوں کو بھرتی کیا گیا اور باقی کو ضروری ہدایات کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک سو پندرہ مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد نو ہزار پینسٹھ تک پہنچ گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ باون ہزار چھے سو پچھتر مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران میں اب تک تیرہ لاکھ مریضوں کا کرونا ٹیسٹ انجام پا چکا ہے۔
دنیا بھر میں اس وقت اکیاسی لاکھ چالیس ہزار سے زیادہ افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں چارلاکھ چالیس ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور تقریبا بیالیس لاکھ پچاس ہزار مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔