سترہ جون کو ایران میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے ڈھائی ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں اور اب تک مجموعی طور پر تقریبا ایک لاکھ پچپن ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے بدھ کو ملک میں کورونا کے تازہ ترین اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو ہزار چھے سو بارہ نئے مریضوں کا اندارج کیا گیا ہے جن میں سے ایک ہزار اکہتر کو ایڈمیٹ جبکہ باقی کو ضروری ہدایات کے بعد ان کے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ پچانوے ہزار اکیاون ہو گئی ہے۔
گذشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک سو بیس مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد نو ہزار ایک سو پچاسی ہوگئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ چوّن ہزار آٹھ سو بارہ مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب تک ایران میں تقریبا تیرہ لاکھ بیس ہزار افراد کا کورونا ٹیسٹ انجام پا چکا ہے ۔