ایران؛ 4 جولائی کو کورونا کی صورتحال
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i368672-ایران_4_جولائی_کو_کورونا_کی_صورتحال
ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے وائرس کے دو ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Jul ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران؛ 4 جولائی کو کورونا کی صورتحال

ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے وائرس کے دو ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

 ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے ہفتے کو یومیہ پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے دوہزار چار سو انچاس مریضوں کا اضافہ ہوا ہے جن میں سے ایک ہزار ایک سو اڑتالیس کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پیش آئی اور باقی ضروری معالجے اور ہدایت کے ساتھ واپس بھیج دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دو لاکھ سینتیس ہزار آٹھ سو اٹھہتر ہو گئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے ایک سو اڑتالیس اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد اس موذی وائرس سے مرنے والوں کی تعداد گیارہ ہزار چار سو آٹھ ہو گئی ہے۔

سیما سادات لاری کے مطابق ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ اٹھانوے ہزار نو سو انچاس ہو گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ بارہ لاکھ تجاوز کر گئی ہے۔ باون ہزار سے زائد لوگ کورونا کی وجہ سے انتقال کرچکے ہیں جبکہ ترسٹھ لاکھ سے زائد افراد صحت باب ہوچکے ہیں۔