چھے جولائی کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے دو ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ دو لاکھ چار ہزار سے زیادہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے پیر کو کورونا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو ہزار چھے سو تیرہ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار چارسو اڑسٹھ افراد کو ایڈمیٹ کیا گیا جبکہ باقی کو ضروری ہدایات کے بعد ان کے گھروں کو بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری کے مطابق ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ تینتالیس ہزار اکیاون تک پہنچ گئی ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک سو ساٹھ افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد گیارہ ہزار سات سو اکتیس ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے بتایا کہ اب تک دو لاکھ چار ہزار تراسی مریض اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
دنیا میں اس وقت کورونا مریضوں کی تعداد ایک کروڑ پندرہ لاکھ اسی ہزار سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے کم سے کم پانچ لاکھ اڑتیس ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور قریب پینسٹھ لاکھ پچاس ہزار افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔