۲۵ اگست کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے تین لاکھ تیرہ ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے منگل کو بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار دو سو تیرہ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار انسٹھ مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ اور باقی کو ابتدائی معالجے اور ضروری ہدایات کے بعد گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری نے بتایا کہ ایران میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ ترسٹھ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس دوران کورونا کے ایک سو پچیس مریض اپنی جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بیس ہزار نو سو ایک ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک تین لاکھ تیرہ ہزار اٹھاون مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد دو کروڑ اڑتیس لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے تقریبا آٹھ لاکھ سترہ ہزار مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔