۲۷ اگست کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے تقریبا تین لاکھ سترہ ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
سیما سادات لاری نے کہا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ سڑسٹھ ہزار سات سو چھیانوے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک سو سترہ مریض اپنی جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد اکیس ہزار ایک سو سینتیس ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک تین لاکھ سولہ ہزار چھے سو اڑتیس مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دو کروڑ چالیس لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے تقریبا آٹھ لاکھ تیس ہزار مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور تقریبا ایک کروڑ ستر لاکھ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔