27 ستمبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران میں کورونا کے مزید تین ہزار سے زیادہ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک سو پچانوے مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے اتوار کو کورونا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران تین ہزار تین سو باسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جن میں ایک ہزار تین سو باسٹھ مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ کر لیا گیا اور باقی کو ضروری ہدایات اور علاج معالجے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
سیما سادات لاری نے بتایا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ چھیالیس ہزار چار سو اڑتالیس تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک سو پچانوے مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد پچس ہزار پانچ سو نواسی ہو گئی ہے ۔
ایران کی وزارت صحت کے مطابق ایران میں اب تک تین لاکھ چوہتر ہزار ایک سو سات کورونا مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے گھر جا چکے ہیں۔