28 ستمبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مزید تین ہزار سے زیادہ مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے پیر کو اپنی کورونا بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران تین ہزار پانچ سو بارہ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے، جن میں ایک ہزار پانچ سو چودہ مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمیٹ کیا گیا۔
سیما سادات لاری نے بتایا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ انچاس ہزار نو سو ساٹھ تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک سو نوے مریض جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد پچیس ہزار سات سو اناسی ہوگئی ہے ۔
ایران میں اب تک تین لاکھ چھیہتر ہزار پانچ سو اکتیس کورونا مریض صحتیاب اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد تین کروڑ تینتیس لاکھ بیالیس ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جن میں سے بارہ لاکھ سے زائد مریض جان کی بازی ہار گئے اور تقریبا دو کروڑ چھیالیس لاکھ چون ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔