29 ستمبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں کورونا کے تین لاکھ اٹھہتر ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے منگل کے روز ایران میں کورونا کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار چھے سو ستتر نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار آٹھ سو سینتالیس مریضوں کو ایڈمٹ اور باقی کو ضروری ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری کے مطابق کہ ایران میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ ترپن ہزار چھے سو سینتیس تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو سو سات مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد پچیس ہزار نو سو چھیاسی ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ اب تک تین لاکھ اٹھہتر ہزار سات سو ستائیس مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تین کروڑ چالیس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جن میں سے کم از کم دس لاکھ کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو کروڑ چالیس لاکھ سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔